• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ فلم ’تیرے عشق میں‘ دیکھ کر پی ایچ ڈی طلبہ ہنسنے اور سر پیٹنے پر مجبور

—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا
—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بالی ووڈ اداکاروں کریتی سینن اور دھنوش کی فلم ’تیرے عشق میں‘ میں تعلیمی حقائق مسخ کرنے پر سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان آ گیا، ریسرچ اسکالرز نے بالی ووڈ کی عقل پر ماتم شروع کردیا اور سوال اٹھایا ہے کہ یہ فلم ہے یا لطیفہ؟

بھارتی میڈیا کے مطابق نیٹ فلکس پر حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’تیرے عشق میں‘ اپنی کہانی سے زیادہ ایک مضحکہ خیز غلطی کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گئی ہے۔

فلم میں اداکارہ کریتی سینن کے کردار کی جانب سے 2200 صفحات پر مشتمل پی ایچ ڈی تھیسس جمع کرانے کے دعوے نے ملک بھر کے ریسرچ اسکالرز اور پی ایچ ڈی طلبہ کو ہنسنے اور سر پیٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔

فلم میں کریتی سینن مکتی بینیوال کے کردار میں دہلی یونیورسٹی کی طالبہ دکھائی گئی ہیں جو نفسیات میں ریسرچ کر رہی ہیں، جب انہوں نے فلم میں اپنے 2200 صفحات کے تھیسس کا ذکر کیا تو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پی ایچ ڈی طلبہ نے اسے تعلیمی تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹ قرار دے دیا۔

ایک اسکالر نے لکھا کہ میں نے 4 سال روزانہ لکھ کر بمشکل 385 صفحات کا تھیسس مکمل کیا، 2200 صفحات کی بات کرنا عقل سے بالاتر اور مضحکہ خیز ہے، پروفیسر تو ایسے تھیسس کو پڑھے بغیر ہی مسترد کر دے گا۔

طلبہ کا کہنا ہے کہ فلم سازوں نے حقیقت کا جنازہ نکال دیا ہے، میمز اور طنزیہ تبصروں کی بھرمار کرتے ہوئے ایک طالب علم نے لکھا، میں اس جینیئس طالبہ سے ملنا چاہتا ہوں جس نے اتنی طویل داستان لکھ ڈالی، کسی بھی یونیورسٹی کی کمیٹی اسے پڑھنا تو دور، دیکھتے ہی مسترد کر دے گی۔ اسکالرز نے فلم کے اسکرین رائٹرز ہمانشو شرما اور نیرج یادو کو مشورہ دیا ہے کہ اگلی بار ایسی فلم بنانے سے پہلے کسی اصل ریسرچ اسکالر سے مشورہ ضرور کر لیں۔

فلم میں کریتی سینن اپنے ریسرچ کے لیے دھنوش (شنکر) کا انتخاب کرتی ہیں جو ذہنی مسائل کا شکار ہیں، ریسرچ اسکالرز کا کہنا ہے کہ فلم میں پی ایچ ڈی کے مراحل اور منظوری کے عمل کو جس طرح دکھایا گیا ہے، اس کا حقیقت سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں ہے۔

اگرچہ تعلیمی حلقوں میں فلم کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، لیکن تجارتی لحاظ سے فلم کامیاب رہی ہے۔

85 کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی اس فلم نے باکس آفس پر 148.5 کروڑ روپے کا بزنس کیا، فلم کے ہدایت کار آنند ایل رائے ہیں اور اسے ان کی 2013ء کی ہٹ فلم ’رانجھنا‘ کا تسلسل قرار دیا گیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید