وزارتِ خزانہ نے جنوری تک معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔
وزارتِ خزانہ کی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق جنوری میں مہنگائی کی شرح 5 سے 6 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے، دسمبر 2025ء میں مہنگائی کی شرح 5.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں اوسط مہنگائی 5.15 فیصد تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت نے مالی سال 2026ء کی پہلی ششماہی میں استحکام برقرار رکھا، مہنگائی قابو میں ہے، معیشت میں بہتری کے واضح اشارے دکھائی دے رہے ہیں۔
وزارتِ خزانہ کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ صنعتی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں، لارج اسکیل مینو فیکچرنگ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، بڑی صنعتوں کی شرحِ نمو جولائی سے نومبر تک 6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق زرِ مبادلہ کے ذخائر اور روپے کی قدر میں استحکام آ چکا ہے، مالی نظم و ضبط کے باعث مالی اور پرائمری سر پلس حاصل ہو رہا ہے، ترسیلاتِ زر میں مضبوط اضافہ ہوا ہے جس سے بیرونی کھاتوں کو سہارا مل رہا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی آؤٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی منڈیوں میں شامل ہو چکی ہے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔
رپورٹ میں وزارتِ خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اکنامک گورننس اصلاحات کا آغاز ہو چکا ہے، نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار معاشی ترقی حکومت کی ترجیح ہے۔