پاکستانی معروف گلوکارہ شازیہ منظور نے ساتھی اداکارہ علیزے شاہ کے ہمراہ ماضی میں پیش آنے والے ریمپ واک تنازع پر لب کشائی کردی۔
2021ء میں بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ علیزے شاہ لاہور میں منعقدہ برائیڈل کاٹیور فیشن ویک کے دوران ریمپ پر گر گئیں تھی، اس وقت انہوں نے اس واقعے کو غلط فہمی کا نتیجہ قرار دیا تھا۔
بعدازاں 2025ء میں علیزے شاہ نے اس حادثے کی وجوہات سے پردہ اُٹھایا اور شازیہ منظور پر الزام عائد کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ برائیڈل فیشن شو کے دوران وہ حادثاتی طور پر نہیں گری بلکہ شازیہ منظور کی وجہ سے ان کا توازن بگڑا تھا۔
اب حال ہی میں شازیہ منظور نے ان الزامات پر وضاحت پیش کردی۔ گلوکارہ نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں نے علیزہ شاہ کو ریمپ پر دھکا نہیں دیا تھا، میں یہ بات اللّٰہ کی قسم کھا کر کہہ سکتی ہوں کہ میں نے ایسا نہیں کیا بلکہ وہ خود اسٹیج پر گری تھیں۔
گلوکارہ نے مزید کہا کہ علیزے اتنی پیاری بچی ہیں، ایسی خوبصورت لڑکی کو کون زمین پر گرا سکتا ہے؟ وہ اس دن بہت حسین لگ رہی تھیں، بس بُری نظر کا شکار ہو گئیں۔
انہوں نے اداکارہ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علیزے شاہ میں تم سے محبت کرتی ہوں۔
یاد رہے کہ دسمبر 2021 میں علیزے شاہ، شازیہ منظور کے ہمراہ ڈیزائنر نِساء حسین کے برائیڈل کلیکشن کے لیے ریمپ واک کر رہی تھیں، جہاں مبینہ طور پر گلوکارہ کی جانب سے انہیں کھینچے جانے کے بعد وہ پھسل کر گر گئی تھیں، بعدازاں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔
اس حادثے کے سبب علیزے شاہ کو سخت ذہنی تناؤ سے بھی گزرنا پڑا تھا۔