سابق سینیٹر اور معروف سیاسی شخصیت سید فیصل رضا عابدی نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کے دورِ حکومت میں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، جیل میں قید کروایا گیا اور زہر دلوایا گیا، جس کے باعث وہ مرتے مرتے بچے۔
ٹوکیو میں جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیصل رضا عابدی نے کہا کہ آج عمران خان خود جیل میں ہیں اور یہ سب مکافاتِ عمل ہے۔
سید فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ ان کے دل سے بددعا نکلی تھی کہ جو کچھ ان کے اور ان جیسے دیگر لوگوں کے ساتھ کیا گیا، اللّٰہ تعالیٰ وہی عمران خان کے ساتھ کرے، اور آج ہزاروں مظلوم لوگوں کی بددعاؤں کے نتیجے میں وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ذاتی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، مگر حقائق قوم کے سامنے آنا ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے اور ملک کو درپیش بحرانوں سے نکلنے کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق اس سیاسی استحکام کے عمل میں تحریک انصاف کو بھی شامل کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ ایک بڑی سیاسی جماعت ہے جسے نظر انداز کرنا جمہوری اقدار کے خلاف ہے۔
سابق سینیٹر نے کہا کہ عمران خان جو سزائیں بھگتنی تھیں وہ بھگت چکے ہیں، اب انہیں آزاد ہو کر سیاست میں دوبارہ قدم رکھنے کا موقع دیا جانا چاہیے تاکہ سیاسی کشیدگی میں کمی آئے اور جمہوری عمل مضبوط ہو۔
انہوں نے زور دیا کہ کسی ایک جماعت یا رہنما کو دیوار سے لگانے سے نہ ملک کو فائدہ ہوتا ہے اور نہ ہی جمہوریت کو۔
آخر میں سید فیصل رضا عابدی نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں برداشت، مکالمے اور مفاہمت کا راستہ اپنائیں، کیونکہ پاکستان کا مستقبل سیاسی ہم آہنگی سے ہی وابستہ ہے