برطانیہ کے شہر کیتھلے میں مبینہ منصوبہ بند حملے کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والا 35 سالہ شخص اسپتال میں دم توڑ گیا، جس کے بعد ویسٹ یارکشائر پولیس نےقتل کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مقتول کی شناخت سہیل چوہدری کے نام سے ہوئی ہے، انہیں اتوار 8 فروری کی علی الصبح تقریباً 3 بج کر 14 منٹ پر فلاس بی اسٹریٹ سے شدید سر کی چوٹوں کی حالت میں پایا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق انہیں ایسٹ ایونیو کے قریب ایک گروہ نے مبینہ طور پر بیٹوں اور ڈنڈوں سے حملہ کر کے زخمی کیا۔
سہیل چوہدری کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ 11 فروری کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
پولیس نے واقعے کے بعد 27 سالہ ایک شخص کو اقدام قتل کے شبے میں گرفتار کیا تھا، جسے بعد ازاں قتل کے الزام میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے اور وہ بدستور پولیس تحویل میں ہے۔
اس کےساتھ 30 سالہ ایک شخص کو بھی اقدام قتل کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا، جسے مزید تحقیقات تک ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے جبکہ 33 سالہ ایک شخص کو مجرم کی معاونت کے شبہے میں گرفتار کر کے ضمانت پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
واقعے میں 2 دیگر افراد (21 اور 24 سالہ) بھی زخمی ہوئے تاہم انہیں معمولی چوٹیں آئیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ ایک ’سنگین اور منظم نوعیت کا حملہ‘ معلوم ہوتا ہے اور واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے، فرانزک ماہرین جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس نے علاقے میں گشت بڑھا دیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے اتوار کی علی الصبح مشتبہ سرگرمی دیکھی ہو یا اس کے پاس موبائل یا ڈیش کیم فوٹیج ہو تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرے۔
مقامی کمیونٹی میں واقعے کے بعد شدید تشویش پائی جاتی ہے، علاقے کے سماجی رہنماؤں نے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تشدد کے ایسے واقعات معاشرے میں خوف و ہراس پیدا کرتے ہیں۔
انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔
کمیونٹی رہنماؤں نے عوام سے پرامن رہنے اور افواہوں سے گریز کرنے کی اپیل بھی کی ہے، پولیس کے مطابق تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے اور مزید پیشرفت سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔