• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈ فورڈ: عوامی مقامات پر سینکڑوں ’نائٹرس آکسائیڈ گیس‘ کینسٹرز برآمد

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

بریڈفورڈ کے علاقے بیلڈن میں عوامی مقامات پر سینکڑوں نائٹرس آکسائیڈ کے خالی کینسٹرز پائے گئے، جس سے ناصرف صفائی کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں بلکہ عوامی تحفظ اور نوجوانوں میں نشے کے غلط استعمال کے بارے میں شدید تشویش بھی بڑھ گئی ہے۔

مقامی رہائشیوں اور رضا کاروں نے بتایا ہے کہ پارکس، سڑکوں اور دیگر عوامی جگہوں پر یہ میٹل کینسٹرز بکھرے ہوئے ملے ہیں، جن کا استعمال اکثر تفریحی نشے کے لیے کیا جاتا ہے۔

نائٹرس آکسائیڈ کو عموماً ’لافنگ گیس‘ یا ’NOS‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، برطانیہ میں نومبر 2023ء سے غیر قانونی منشیات (Class C drugs) میں شامل ہے، مگر اس کے کینسٹرز بڑے پیمانے پر سڑکوں پر پائے جا رہے ہیں۔

اس مسئلے کے نتیجے میں مقامی حکام نے نگرانی اور گشت میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ پولیس اور ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز اہل کاروں نے عوام سے گزارش کی ہے کہ اگر وہ مشکوک اشیاء دیکھیں تو فوراً رپورٹ کریں تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مناسب کارروائی کر سکیں۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان حالات کے تناظر میں ملوث افراد پر سختی سے نظر رکھی جا رہی ہے اور ایسی اشیاء کے غیر قانونی استعمال اور تقسیم کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نائٹرس آکسائیڈ کے کینسٹرز ناصرف ماحولیات کے لیے مسائل پیدا کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں نشے کے غلط استعمال کی صورت میں صحت کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔

مزید برآں خالی کینسٹرز کی بڑھتی ہوئی تعداد سے علاقے میں صفائی کی ذمے داریاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید