چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کولمبو میں سری لنکن صدر سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔
سری لنکن صدر نے پاکستان کا بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے پاکستانیوں کو ویزا مشکلات کے بارے میں سری لنکن صدر کو آگاہ کیا، جس پر صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کو تمام فہرستوں سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی وزیرِ اعظم کو بہت جلد پاکستان کے دورے پر بھیج رہے ہیں، پاکستان کے خیر سگالی کے جذبے کو سراہتے ہیں۔
سری لنکن صدر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
محسن نقوی نے پاک سری لنکا تعلقات کے فروغ کے لیے سری لنکن صدر کے کردار کی تعریف کی، شہباز شریف کی جانب سے سری لنکن صدر کو دورۂ پاکستان کا دعوت نامہ پہنچایا۔
چیئرمین پی سی بی نے ورلڈ کپ کے لیے شاندار انتظامات اور پاکستانی وفد کی میزبانی پر سری لنکن صدر کا شکریہ ادا کیا۔