• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مادری زبانوں کوسنجیدہ نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں،افضل مراد

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) براہوئی ادبی سوسائٹی کے چیئرمین افضل مراد نے کہاہے کہ گلوبلائزیشن کے اس عہد میں مقامی اور مادری زبانوں کو درپیش چیلنجز نہایت سنجیدہ نوعیت کے ہیں اگر زبانوں کو ڈیجیٹل دنیا میں فعال اور مؤثر نہ بنایا گیا تو وہ بتدریج علمی اور سماجی منظرنامے سے اوجھل ہو سکتی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ مادری زبان کے موقع پر براہوئی ادبی سوسائٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ نشست سے خطاب کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ زبان محض ابلاغ کا وسیلہ نہیں بلکہ تہذیب، تاریخ، اجتماعی شعور اور قومی تشخص کا امین ہوتی ہے مادری زبان انسان کے احساسات کی اولین ترجمان اور اس کی فکری ساخت کی بنیاد ہے ڈیجیٹلائزیشن کے اس دور میں زبانوں کو گوگل اور دیگر عالمی پلیٹ فارمز پر اپنی شناخت مستحکم کرنا ہوگی تاکہ وہ علمی و ادبی سطح پر اپنا وجود برقرار رکھ سکیں حسن ناصر نے زبان کے ارتقائی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زبان ایک زندہ اور متحرک نظام ہے جو معاشرتی تبدیلیوں کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرتا رہتا ہے انہوں نے براہوئی ادبی سوسائٹی کی خدمات کو سراہا نشست میں پروفیسر حمیرا صدف، فرقان علی، شائستہ صنم جمیل کرد، اے ڈی بلوچ اور پروفیسر ضیاء نے بھی اظہارِ خیال کیا۔
کوئٹہ سے مزید