کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) عوامی حلقوں نے حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے کوافسوسناک قرار دیا ہے ماہ رمضان المبارک کا استقبال حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے کیا ہے جو کہ انتہائی ناقابل فہم ہے دنیا بھر میں مذہبی تہواروں پر ریلیف دیاجاتا ہے مگر اسلامی جمہوریہ پاکستان میں الٹا رواج ہے عوام کا معاشی قتل کب تک کیا جاتا رہے گا حکومت نے رمضان میں اشیائے خور ونوش کی قیمتیں کم کرنے کی بجائے مہنگائی کا جواز دے دیا ہے پہلے سے مہنگائی میں پسی عوام کو مزید مہنگائی کی دلدل میں دھکیلا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ رمضان شریف کی آمد سے قبل ہی پہلے گراں فروشی شروع ہے اور اب مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوگا انہوں نے کہا کہ مہنگائی بڑھانے کی بجائے حکومت اپنی شاہ خرچیاں ،بے جا پروٹوکول غیر ترقیاتی اخراجات، بے انتہا مراعات اور عیش و عشرت کو ختم کرے۔