بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اسرائیلی پارلیمنٹ (کینیسٹ) میں خطاب کے دوران اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا، اسرائیلی اپوزیشن اراکین مودی کے آتے ہی ایوان سے باہر چلے گئے۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کینسیٹ میں نریندر مودی کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے خطاب میں دونوں ممالک کے تعلقات کی تعریف کی۔
نیتن یاہو نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں اسرائیل اور بھارت کے درمیان تجارت اور تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے مودی کو نہ صرف دوست بلکہ ’بھائی‘ قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ مفادات کے حامل ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اراکین نے اسپیکر کے رویے پر احتجاج کیا تھا، کچھ دیر بعد وہ اجلاس میں واپس آگئے۔
خیال رہے کہ نریندر مودی کے اسرائیل پہنچنے پر اسرائیلی وزیراعظم اور ان کی اہلیہ نے ان کا استقبال کیا۔