کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ قرآن کریم میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے ہمیں چاہئے کہ اپنی زندگیوں کو قرآن پاک کی تعلیمات کے مطابق گزاریں۔ یہ بات انہوں نے جامعہ اسلامیہ نوریہ ہدہ منوجان روڈ میں تکمیل قرآن پاک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر انہوں نے حفاظ کرام میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ قرآنِ مجید مکمل ضابطہ حیات ہے اور رمضان المبارک قرآن کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک ہمیں صبر، اخوت، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے اگر ہم قرآن کی تعلیمات عمل کریں تو معاشرے میں امن، محبت اور انصاف قائم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قرآن کریم نہ صرف پڑھنا بلکہ سمجھنا اور عمل کرنے کے ساتھ ساتھ اسے دوسروں تک پہنچانے کی بھی کوشش کرنی چاہئے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور امتِ مسلمہ کی بھلائی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔