امریکا کی ریاست فلوریڈا میں ایک شخص بدنام زمانہ سرمایہ کار جیفری ایپسٹین سے مشابہت کے باعث سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کنورٹیبل گاڑی چلاتے ہوئے نظر آ رہا تھا، جس پر صارفین نے اس شخص کو جیفری ایپسٹین قرار دینا شروع کر دیا، جس کے بعد مختلف سازشی نظریات بھی گردش کرنے لگے کہ شاید ایپسٹین زندہ ہے۔
یہ شخص، جو خود کو پالم بیچ پیٹ کہتا ہے، اس نے بعد ازاں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ جیفری ایپسٹین نہیں بلکہ ایک عام شہری ہے۔
اس نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں جیفری ایپسٹین نہیں ہوں، میں صرف میں ہوں۔
اس نے مزید کہا کہ ایپسٹین ایک بہت برا انسان تھا اور وہ مر چکا ہے، جبکہ وہ خود زندہ ہے۔
ان کے مطابق اسے اس وقت حیرت ہوئی جب اس کا فون اچانک مسلسل بجنے لگا اور اسے معلوم ہوا کہ وہ وائرل ہو چکا ہے۔
دراصل کسی نامعلوم شخص نے اسے ہائی وے پر گاڑی چلاتے ہوئے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو پر دلچسپ اور طنزیہ تبصرے کیے، جس میں سے ایک نے لکھا کہ یہ اس کا بے گناہ جڑواں بھائی ہے۔
واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین بااثر شخصیات سے تعلقات رکھنے والا ایک مجرم تھا، وہ 2019ء میں نیویارک کی جیل میں مردہ پایا گیا تھا، اس کی موت کو باضابطہ طور پر خودکشی قرار دیا گیا تھا، تاہم اس حوالے سے مختلف سازشی نظریات آج بھی زیرِ بحث رہتے ہیں۔