• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم سمجھتے ہیں پاکستان کی نیت اچھی ہے: ایران

پڑوسی ممالک بشمول پاکستان کے وزرائے خارجہ سے ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقاتیں کیں، اسماعیل بقائی - فوٹو: فائل
پڑوسی ممالک بشمول پاکستان کے وزرائے خارجہ سے ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقاتیں کیں، اسماعیل بقائی - فوٹو: فائل

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان یقیناً ہمارا پڑوسی ہے، ہمارے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی نیت اچھی ہے۔

غیرملکی میڈیا ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ہمارے وزیر خارجہ پڑوسی ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے رابطے میں ہیں، پڑوسی ممالک بشمول پاکستان کے وزرائے خارجہ سے ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقاتیں کیں۔

 انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے ایران و امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اس نوعیت کے مذاکرات سے متعلق درخواستیں ملیں اور ہم نے ان کا جواب دیا۔ ہمارا مؤقف واضح ہے کہ ہم اپنا دفاع جاری رکھیں گے۔ ایران کے ساتھ مذاکرات کی امریکی اور اسرائیلی باتیں قابلِ اعتبار نہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کےلیے پڑوسی ممالک کی نیک نیتی کو دیکھتے ہیں، علاقائی ریاستیں اور پڑوسی ممالک اس صورتحال کے نتائج پر تشویش رکھتے ہیں۔ ہر کوئی کسی نہ کسی طرح حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ کے لیے فیس وصولی یقینی جاری رکھے گا۔ ایران پر مسلط کردہ جنگی صورتحال کے باعث آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے متعدد اقدامات نافذ ہیں۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں امریکی سفارتکاری کا نہایت تباہ کن تجربہ ہوا ہے۔ ایران کے خلاف جارحیت کے بعد اب کوئی بھی امریکی سفارتکاری پر اعتماد نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پر 9 ماہ کے عرصے میں دو مرتبہ مذاکرات کے دوران حملہ کیا گیا، حملہ اس وقت ہوا جب ہم جوہری مسئلے کے حل کےلیے مذاکرات کے عمل کے درمیان تھے، مذاکرات کے دوران ایران پر حملہ سفارتکاری سے غداری تھی۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 دنوں کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا، ایرانی مسلح افواج ملک کی علاقائی سالمیت کا دفاع جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش کی۔ خطے اور باہر کے کئی ممالک نے ایران سے رابطہ کیا ہے۔ ہم نے گزشتہ روز واضح کردیا تھا ایران اور امریکا کےدرمیان کوئی بات چیت یا مذاکرات نہیں ہو رہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید