شمالی کوریا نے ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔
سرکاری خبرایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی میں شامل نہیں ہوگا۔
شمالی کوریا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ایٹمی عدم پھیلاو کے کسی بھی معاہدے کا پابند نہیں ہے۔
اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے مستقل مندوب کم سونگ Kim Song نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اور کچھ دوسرے ملک گیارھویں این پی ٹی ریویو کانفرنس کا ماحول خراب کر رہے ہیں۔
یہ کانفرنس اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں منعقد ہو رہی ہے جس میں شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیاروں کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے۔
شمالی کوریا کے مندوب کم سونگ نے کہا کہ شمالی کوریا ایٹمی ہتھیاروں کا حامل ملک ہے اور یہ پوزیشن دوسروں کے اصرار یا یک طرفہ خواہش پر تبدیل نہیں ہو سکتی۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے بھی ایٹمی عدم پھیلاو کے معاہدے یا این پی ٹی پر دستخط نہیں کئے، تاہم اس پر کبھی اس سلسلے میں دباؤ نہیں ڈالا گیا جبکہ ایران ان ملکوں میں شامل ہے جو این پی ٹی پر دستخط کر چکے ہیں۔