معروف یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، اس بار وجہ بنی عیدالفطر پر ان کی بالکونی سے مداحوں کو خوش آمدید کہنے کی ویڈیو، جسے سوشل میڈیا صارفین نے سلمان خان کی نقل قرار دے دیا۔
رپورٹس کے مطابق عید کے موقع پر رجب بٹ نے اپنے گھر کی بالکونی میں آ کر مداحوں کے سامنے ہاتھ ہلایا، بالکل اسی انداز میں جیسے سلمان خان ہر سال عید پر اپنے فینز کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر تنقید کا طوفان آ گیا، صارفین نے ناصرف اس عمل کو نقل قرار دیا بلکہ سخت جملوں کا بھی استعمال کیا۔
ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ یہ تو سلمان خان کا ٹیمو ورژن بھی نہیں لگتا، جبکہ دوسرے نے کہا کہ سلمان خان نے یہ مقام برسوں کی محنت سے حاصل کیا ہے، ان سے موازنہ ہی غلط ہے۔
کچھ صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آیا واقعی رجب بٹ کے اتنے مداح موجود تھے یا یہ محض دکھاوے کے لیے انتظام کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ رجب بٹ اس وقت اپنی ذاتی زندگی، خصوصاً طلاق کے معاملے اور دیگر تنازعات کے باعث بھی مسلسل خبروں میں ہیں، جبکہ سلمان خان کی عید پر بالکونی میں آ کر مداحوں سے ملنے کی روایت برسوں پرانی اور عالمی سطح پر مقبول ہے۔