ممبئی کے ایک رکشہ ڈرائیور نے یہ دعویٰ کرنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی خصوصی توجہ حاصل کر لی ہے کہ وہ اخراجات نکال کر ماہانہ تقریباً 75 ہزار روپے کما رہا ہے۔
اتکرش ورما نامی سوشل میڈیا صارف نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ بھارت میں 30 ہزار روپے کی نوکری کرنے والے کو قابلِ احترام سمجھا جاتا ہے جب کہ 75 ہزار روپے کمانے والے ایک رکشہ ڈرائیور کو نہیں، یہ کامیابی کی کیسی عجیب و غریب تعریف ہے۔
اس ویڈیو میں اتکرش ورما کو رکشہ میں سفر کے دوران رکشہ ڈرائیور سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اُنہوں نے رکشہ ڈرائیور سے کہا کہ ممبئی شہر بہت مہنگا ہے، جس پر ڈرائیور نے جواب دیا کہ مہنگا ہے لیکن یہاں پیسہ برستا بھی ہے، میں رکشہ چلا کر اخراجات نکالنے کے بعد روزانہ مجموعی طور پر تقریباََ 2 ہزار 500 روپے کماتا ہوں۔
یہ سننے کے بعد اتکرش ورما نے کہا کہ اتنے پیسے تو بی ٹیک گریجویشن کے بعد اپنی پہلی نوکری سے میں نے بھی نہیں کمائے۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر ڈھائی ہزار روپے روزانہ کی آمدن کا مطلب ہے کہ یہ بھائی صاحب رکشہ چلا کر ماہانہ 75 ہزار روپے کما رہے ہیں اور اگر زیادہ محنت کی جائے تو 1 لاکھ ماہانہ بھی کمائے جا سکتے ہیں اور 60 ہزار روپے ماہانہ تو آرام سے کما سکتے ہیں۔
اتکرش ورما کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی اور صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔