• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزمل اسلم کی پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی صورتحال پر وفاقی وزراء کی تعریف

فائل فوٹو
فائل فوٹو

خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مزمل اسلم نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی صورتحال پر وفاقی وزراء کو سراہا ہے۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم کی قیمتوں اور سبسڈی اصلاحات پر مشاورتی اجلاس ہوا۔

اس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم، وزیر خزانہ بلوچستان شعیب نوشیروانی و دیگر حکام شریک ہوئے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے اجلاس کے تمام شرکاء کو پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ پورے ملک میں ایندھن کی فراہمی کی صورتحال مستحکم اور مناسب ہے۔

بریفنگ میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے سبسڈی کے طریقہ کار کو آسان بنانے کےلیے مجوزہ تکنیکی حل پر بات کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں صوبائی قیادت نے موجودہ صورتحال اور پالیسی آپشنز پر خیالات کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بلا تعطل ایندھن کی دستیابی کےلیے وفاقی حکومت کی کوششوں کو سراہا اور بچت کے فروغ کے لیے طرز عمل اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

مریم اورنگزیب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پالیسی منظر نامے تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ قیمتوں میں کمی کو صارفین تک پہنچایا جانا چاہیے۔

مزمل اسلم نےموجودہ حالات میں تیل سپلائی کی صورتحال پر وفاقی وزراء کو سراہا اور کہا کہ پیٹرولیم سپلائی کا انتظام خطے کے کئی ممالک سے بہتر رہا ہے۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق بلوچستان کے وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو رکاوٹ کے بجائے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کرنے کا موقع سمجھنا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید