• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ


وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق غیر ملکی شہریوں، کمپنیوں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو روشن ڈیجیٹل میں سرمایہ کاری کی اجازت ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق غیرملکی شہریوں کو حکومتی سیکیورٹیز سمیت نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کی اجازت ہوگی۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2025ء میں ترسیلاتِ زر 38 اعشاریہ 3 ارب ڈالر سے بڑھ گئیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2026ء میں ترسیلاتِ زر 42 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

وزیراعظم کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان دنیا میں ترسیلاتِ زر حاصل کرنے والے ممالک میں پانچویں اور جنوبی ایشیا میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 16 اعشاریہ 3 ارب ڈالر اور مجموعی ذخائر 21 اعشاریہ 6 ارب ڈالر کے قریب ہیں۔

اعلامیے کے مطابق فروری 2026ء کے اختتام تک روشن ڈیجیٹل میں 9 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کھولے جاچکے ہیں، روشن ڈیجیٹل میں مجموعی سرمایہ کاری 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیراعظم نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، اسٹیٹ بینک اور اس پروگرام میں شامل بینکوں کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا دائرہ کار بڑھانے سے پاکستان پرکشش سرمایہ کاری کے لیے مزید مضبوط ہوگا،روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا دائرہ کار بڑھانے سے مالیاتی منڈیوں میں وسعت آئے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، مضبوط ڈیجیٹل نظام میں توسیع سے ایک شفاف، محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

قومی خبریں سے مزید
تجارتی خبریں سے مزید