بالی ووڈ اداکار ورون دھون نے اپنا ماضی کا قصہ سناتے ہوئے بتایا ہے کہ انکے والد کو انڈرورلڈ کی جانب سے دھمکیاں ملیں تو اہلِ خانہ کو اپنا گھر چھوڑنا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ حال ہی میں ایک گفتگو میں ورون دھون نے انکشاف کیا کہ 1990 کی دہائی میں ان کے خاندان کو بھی انڈرورلڈ کی جانب سے دھمکی آمیز کال موصول ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں اپنا گھر چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہونا پڑا تھا۔
ورون نے بتایا کہ اس وقت کئی فلمی شخصیات کو انڈرورلڈ سے فون کالز آ رہی تھیں اور ان کے گھر پر بھی ایسی کالز آتی رہیں، لیکن گھر کے عملے نے کال کرنے والوں سے بحث شروع کر دی اور یہاں تک کہ پورا پتہ بھی بتا دیا۔
ورون کے مطابق عملے نے کال کرنے والے کو کہا، ’آ جا باغ میں، وہیں تجھے ماروں گا۔‘
انہوں نے کہا کہ بعد میں ایک اداکار نے ان کے والد ڈیوڈ دھون کو اطلاع دی کہ معاملہ سنگین ہو گیا ہے اور اب کال کرنے والا بندوقیں لے کر آنے کی بات کر رہا ہے۔ اس پر دھون خاندان کو فوری طور پر گھر چھوڑ کر دوسری جگہ جانا پڑا۔
ورون دھون کا کہنا تھا کہ ’یہ واقعہ بظاہر مضحکہ خیز لگتا ہے، لیکن حقیقت میں بہت خوفناک تھا۔‘