بالی ووڈ کے معروف اداکار ورون دھون نے حال ہی میں اپنی کمسن بیٹی لارا دھون کی صحت کے بارے میں اہم انکشاف کیا اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی نشوونما پر خاص توجہ دیں۔
یاد رہے کہ ورون اور ان کی اہلیہ نتاشا دلال نے 2024 میں اپنی بیٹی لارا کی پیدائش سے آگاہ کیا تھا۔ ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے 38 سالہ ورون نے بتایا کہ ان کی بیٹی میں ڈیولپمینٹل ڈائسپلاسئیا نامی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی، جس کی وجہ سے وہ صحیح طرح چل یا دوڑ نہیں سکتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جب لارا ڈیڑھ سال کی تھی تو معلوم ہوا کہ اسے ڈی ڈی ایچ ہے، جس میں کولہے کی ہڈی اپنی جگہ سے نکل جاتی ہے۔ اس کے نتیجے میں ایک ٹانگ چھوٹی اور دوسری بڑی ہو جاتی ہے، جس سے چلنے میں لنگڑاہٹ پیدا ہوتی ہے۔
ورون کے مطابق اس بیماری کا علاج مغربی ممالک میں پیدائش کے وقت ہی بہتر طریقے ہو جاتا ہے، جبکہ بھارت میں ہر جگہ یہ سہولت دستیاب نہیں، لیکن یہاں بھی بہت اچھے ڈاکٹر موجود ہیں۔ خوش قسمتی سے لارا کو سرجری کی ضرورت نہیں پڑی بلکہ ایک طریقہ کار کے ذریعے کولہے کو دوبارہ اپنی جگہ پر لایا گیا۔
تاہم اس کے بعد اسے تقریباً ڈھائی ماہ تک اسپائکا کاسٹ میں رہنا پڑا، جو ایک بچے کے لیے بہت مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اسے اینستھیسیا دے کر کاسٹ لگایا گیا اور جب وہ ہوش میں آئی تو مکمل کاسٹ میں تھی۔ اب کاسٹ ہٹا دی گئی ہے اور وہ صحت یاب ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس تجربے پر ایک کتاب بھی لکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی چلنے پھرنے اورحرکت کرنے پر توجہ مرکوز کیا کریں تاکہ اگر کوئی غیر معمولی بات محسوس ہو تو فوراً ماہرِ اطفال سے رجوع کریں۔ ورون لوگوں سے کہا کہ وہ ان سے ہمدردی نہ کریں۔ وہ یہ بات اس لیے شیئر کر رہے ہیں تاکہ اس بیماری کے بارے میں آگاہی بڑھے، کیونکہ اگر بروقت تشخیص ہو جائے تو اس کا علاج ممکن ہے۔
یہ بیماری ایک ایسی حالت ہے جو بچے کے کولہے کے جوڑ کی صحیح تشکیل کو متاثر کرتی ہے۔ یہ بعض اوقات پیدائش سے پہلے شروع ہوتی ہے اور بعض اوقات پیدائش کے بعد نشوونما کے دوران ظاہر ہوتی ہے۔ یہ ایک یا دونوں کولہوں کو متاثر کر سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ورون اور نتاشا کی 2021 میں شادی ہوئی اور انکی بیٹی کی پیدائش 3 جون 2024 کو ممبئی میں ہوئی۔