کبھی تاریخ کے دھارے میں ایسے لمحے آتے ہیں جب قوموں کی پہچان ان کے وسائل سے نہیں بلکہ ان کی حکمت، برداشت اور فیصلوں کی پختگی سے ہوتی ہے۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب دنیا کی نظریں اس طرف اٹھتی ہیں جہاں شاید طاقت کم ہو مگر بصیرت زیادہ ہو۔ آج کا پاکستان بھی ایک ایسے ہی دوراہے پر کھڑا ہے جہاں ہر قدم سوچ سمجھ کر رکھنا ناگزیر ہے۔خطے کی موجودہ صورتحال کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی، امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ، اور علاقائی طاقتوں کے بدلتے ہوئے زاویے، سب مل کر ایک پیچیدہ منظرنامہ تشکیل دے رہے ہیں۔ ایسے میں پاکستان نے خود کو محض ایک خاموش تماشائی کے بجائے ایک ذمہ دار اور متوازن کردار کے طور پر پیش کیا ہے۔سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات ہمیشہ اہم رہے ہیں، مگر حالیہ دنوں میں ان میں ایک نئی مضبوطی دیکھنے میں آئی ہے۔ دفاعی اور اسٹرٹیجک تعاون نے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب تر کر دیا ہے۔ سعودی عرب کی توقعات بھی پاکستان سے بڑھ چکی ہیں، اور یہی وہ مقام ہے جہاں پاکستان کو نہایت احتیاط اور توازن کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔دوسری جانب ایران ایک ایسا ہمسایہ ملک ہے جس کے ساتھ تعلقات میں ذرا سی بے احتیاطی بڑے خطرات کو جنم دے سکتی ہے۔ پاکستان نے نہ صرف ایران کے ساتھ رابطے برقرار رکھے بلکہ ایسے وقت میں جب خطہ کسی بڑے تصادم کے قریب دکھائی دے رہا تھا، مذاکرات کی فضا قائم کرنے کی سنجیدہ کوشش بھی کی۔ یہ ایک غیر معمولی قدم تھا، خاص طور پر ایک ایسے ملک کے لیے جو خود اندرونی اور معاشی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہو۔یہاں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت نمایاں نظر آتی ہے۔ ان کی سفارتکاری میں ایک خاموش تسلسل اور سنجیدگی ہے۔ وہ کبھی متحدہ عرب امارات، کبھی قطر، کبھی عمان اور کبھی ملیشیا کے رہنماؤں سے رابطے میں نظر آتے ہیں۔ان کوششوں کے اثرات بھی ظاہر ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔ امریکہ کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہنا ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں ایک کمزور معیشت رکھنے والا ملک بھی اپنی حکمت عملی اور توازن کی بدولت عالمی اعتماد حاصل کر لیتا ہے۔اور اصل کامیابی وہ ہوتی ہے جس کا اعتراف مخالف بھی کرے۔ بھارت میں اس پیش رفت پر جو ردعمل سامنے آیا، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے ایک اہم سفارتی مقام حاصل کر لیا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ کے سخت بیانات دراصل اسی بے چینی کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ وہاں کی اپوزیشن کی جانب سے پاکستان کی تعریف ایک غیر معمولی صورتحال ہے۔ یہ کامیابیاں صرف خارجہ محاذ تک محدود نہیں رہیں بلکہ اندرونی سطح پر بھی اس کے اثرات دکھائی دیتے ہیں۔ مہنگائی جیسے بڑے مسئلے کے باوجود حکومت نے عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کیا۔دوسری طرف افغانستان کے ساتھ سرحدی صورتحال اور دہشت گردی کے خطرات کسی سے پوشیدہ نہیں، مگر ان تمام مشکلات کے باوجود ریاست نے اپنے دفاع کو مضبوط رکھا۔پاکستان کی حالیہ سفارتکاری کا سب سے نمایاں پہلو توازن ہے۔ ایک طرف سعودی عرب کے ساتھ مضبوط تعلقات، دوسری طرف ایران کے ساتھ مسلسل رابطہ، اور ساتھ ہی دیگر مسلم ممالک کے ساتھ فعال روابط۔ یہ سب ایک ایسے توازن کا تقاضا کرتا ہے جس میں معمولی سی لغزش بھی بڑے بحران کو جنم دے سکتی ہے۔ مگر پاکستان نے اس توازن کو برقرار رکھتے ہوئے نہ صرف خود کو محفوظ رکھا بلکہ ایک مثبت کردار بھی ادا کیا۔یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا ایک نئے عالمی نظام کی طرف بڑھ رہی ہے۔ طاقت کے مراکز تبدیل ہو رہے ہیں اور ہر ملک اپنی جگہ بنانے کی کوشش میں ہے۔ ایسے میں پاکستان کا ایک ذمہ دار اور فعال کردار ادا کرنا اس کی سفارتی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ پاکستان ایک ترقی پذیر معیشت رکھتا ہے، مگر اس کے باوجود عالمی سیاست میں اس کا بڑھتا ہوا کردار اس بات کا ثبوت ہے کہ قومیں صرف وسائل سے نہیں بلکہ قیادت اور حکمت عملی سے آگے بڑھتی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے جس انداز میں داخلی اور خارجی چیلنجز کا سامنا کیا، وہ ایک مشکل امتحان تھا۔ مگر اس امتحان میں جو استقامت اور توازن دکھایا گیا، وہ مستقبل کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔آخر میں یہ کہنا ضروری ہے کہ اس پوری سفارتی کامیابی کے پیچھے ایک ٹیم کی محنت ہے۔وزیر اعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے لے کروزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ تک سب نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی، اہم ممالک سے مسلسل رابطے رکھے اور حکومت کی پالیسیوں کوجس مؤثر انداز میں آگے بڑھایا، وہ قابلِ تحسین ہے۔آج اگر پاکستان کا نام عالمی سطح پر لیا جا رہا ہے، اگر اس کی کوششوں کو سراہا جا رہا ہے، تو یہ محض اتفاق نہیں بلکہ ایک سوچ، ایک حکمت اور ایک مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ اور جب دشمن بھی تعریف کرنے پر مجبور ہو جائے، تو یہ کامیابی کی سب سے بڑی دلیل بن جاتی ہے۔