امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو معاہدہ نہ ہونے اور آبنائے ہرمز نہ کھلنے کی صورت میں توانائی تنصیبات تباہ کرنے کی دھمکی دے دی۔
اپنے بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایران میں فوجی کارروائیوں کے خاتمے کےلیے سنجیدہ مذاکرات کر رہا ہے۔ امریکا نئے اور زیادہ معقول نظام کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے، مذاکرات میں بڑی پیش رفت ہو چکی ہے، غالب امکان ہے کہ معاہدہ ہوجائے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ اگر کسی وجہ سے معاہدہ نہ ہوا اور آبنائے ہرمز جلد نہ کھولی گئی تو ایران کی توانائی تنصیبات کو تباہ کر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز فوری نہ کھولا گیا تو ایران کا جزیرہ خارگ، بجلی گھروں اور تیل کے کنووں کو تباہ کردیا جائے گا، جبکہ ایران کے پانی صاف کرنے والے تمام پلانٹس کو تباہ کردیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جزیرہ خارگ کو تباہ اور مکمل طور پر نیست و نابود کردیں گے، وہ تمام مقامات تباہ کردیں گے جنہیں ہم نے اب تک جان بوجھ کر نہیں چھیڑا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 47 سالوں میں ایران کے ہاتھوں مارے جانے والے فوجیوں کا انتقام لے رہے ہیں، یہ اقدام ان تمام امریکی فوجیوں، شہریوں کی ہلاکت کا بدلہ ہوگا جنہیں ایران نے 47 سال کے دہشتگردانہ دور میں قتل کیا۔