بھارتی گلوکار ارپت بالا کی لائیو کنسرٹ کے دوران مداح پر تھوکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس کے بعد اُنہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ واقعہ حیدرآباد کے کنگڈوم کلب اینڈ کچن میں 28 مارچ کو پیش آیا جہاں ارپت بالا کی پرفارمنس کے دوران ایک شخص نے مبینہ طور پر ایک خالی بوتل اسٹیج پر پھینک دی جس سے گلوکار کی پرفارمنس متاثر ہوئی۔
اس غیر متوقع عمل کی وجہ سے ارپت بالا کو اپنی پرفارمنس درمیان میں روکنی پڑ گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی گلوکار نے سامعین سے سوال کیا کہ اسٹیج پر یہ بوتل کسی نے پھینکی ہے؟
جب اسٹیج پر بوتل پھینکنے والے شخص کی نشاندہی ہو گئی تو ارپت بالا غصے سے بوتل واپس اس کی طرف پھینکتے اور تھوکتے نظر آئے۔
صرف اتنا ہی نہیں بلکہ انہوں نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرے شوز میں اس طرح کے رویے کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بعد ازاں، سیکیورٹی اہلکاروں کو بلایا گیا اور بوتل پھینکنے والے شخص کو کنسرٹ سے نکلوا دیا گیا اور پھر ارپت بالا نے اپنی پرفارمنس کا آغاز دوبارہ کیا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی اور صارفین کی جانب سے بھارتی گلوکار کے رویے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔