لاہور (نمائندہ جنگ ) صوبائی دارالحکومت سمیت قصور گنڈا سنگھ بارڈر پر ممکنہ دہشت گردی کی اطلاعات پرسکیورٹی اداروں،آرمی، رینجرز اور پولیس کی جانب سے قصور گنڈا سنگھ اور واہگہ بارڈرز کے گردو نواح میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا اوررات گئے تک 66مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ دوسری جانب آج واہگہ بارڈر اور گنڈا سنگھ بارڈر کو جانے والے راستوں پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائینگے جبکہ رینجرز کی جانب سے بھی اضافی جوانوں کو تعینات کیاجائے گا۔واہگہ اور گنڈا سنگھ جانے والے شہریوں کو 3مختلف قسم کی سکیورٹی کلیئرنس کے بعد آگے جانے کی اجازت ہو گی جبکہ ان کی گاڑیاں پیچھے کھڑی کر دی جائیں گی اور واپسی پر بھی وقفے وقفے سے لوگوں کو واپس بھیجا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کی جانب سے باٹا پور، جلو، سلامت پورہ، دروغے والا سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شاہدرہ کے قریب لاہور کے نواحی علاقے برکت ٹاؤن میں کومبنگ آپریشن کیا۔کومبنگ آپریشن 3 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، جس میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں سمیت 11 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ۔گزشتہ روز ڈی ایس پی صفدرآباد غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں خانقاہ ڈوگراں ،صفدرآباداور مانانوالہ کی پولیس نے خانقاہ ڈوگراں کے نواحی گاؤں مریم آباد میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا اور اس دوران قلاس مسیح،عرفان مسیح،توصیف مسیح،کش مسیح،بابر مسیح،نبیل مسیح،ناصر مسیح،ندیم مسیح،اندریاس مسیح،جانباز مسیح،طوطا مسیح اورکیروبین مسیح کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ایس ایچ او تھانہ خانقاہ ڈوگراں غلام مہدی نے بتایا کہ بین الاقوامی میلہ مریم آباد میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے لاکھوں عیسائی زائرین مریم آباد آتے ہیں اور اسی تناظر میں میلہ سے پہلے حکومتِ پنجاب کے حکم پر پورے گاؤں اور گردو نواح میں سرچ آپریشن کیا گیا ہے۔پاکپتن پولیس نے سرچ آپریشن کےدوران منڈی موڑ سے ایک غیرملکی باشندے کوگرفتارکرلیاہے جو اپنے قیام کے حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہ کرسکا ۔