• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا و اسرائیل کے حملے عالمی قوانین، ایران کی قومی خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں، چینی سفیر

فوٹو: فیس بک
فوٹو: فیس بک 

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کا کہنا ہے کہ امریکا و اسرائیل کے حملے عالمی قوانین اور ایران کی قومی خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں۔

پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں خطے کی صورتحال، امن و امان اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔

چینی سفیر نے کہا کہ فوری جنگ بندی نہ ہونے سے مشرق وسطیٰ، یورپ اور پوری دنیا پر معاشی اثرات مرتب ہوں گے، سی پیک اور امن و امان کے حوالے سے جے یو آئی اور چین کی سوچ میں ہم آہنگی سے خطے کو فائدہ ہوگا، ہم مل کر اس خطے کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

جے یو آئی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات میں امریکا اور اسرائیل کی ایران سے جنگ پر تفصیلی بات چیت ہوئی، خطے میں امن و امان کے قیام کیلئے کوششوں پر رہنماؤں میں اتفاق  کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے خطے کو پرامن رکھنے کیلئے پر امن ذرائع استعمال کرنے پر زور دیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط، مستحکم بنانے کی خواہش رکھتی ہے، جے یو آئی نے اس حوالے سے پہلے بھی کردار ادا کیا اور آئندہ بھی کرے گی۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ چین کا تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔

قومی خبریں سے مزید