کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، بارش اور حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پرانا گولیمار میں گھر کی دیوار رکشے پر گرنے سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، اورنگی ٹاؤن اجتماع گاہ میں گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچے زخمی ہوئے۔
نیو کراچی حسن بروہی گوٹھ میں گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، پی آئی بی کالونی کوئٹہ ہوٹل کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص چل بسا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرجانی سیکٹر سیون اے کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی۔
ایم اے جناح روڈ سیون ڈے اسپتال کے قریب کرنٹ سے ایک شخص ہلاک ہوا، حسین آباد میں کریم آباد انڈر پاس کے قریب گاڑی نالے میں گرگئی، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
امیرخسرو روڈ پر بارش اور تیزہوا کے باعث درخت گرگیا، 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔