متحدہ عرب امارات کے وزیرِ پیٹرولیم سلطان احمد الجابر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے ایران کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی مداخلت ناقابلِ قبول معاشی دباؤ کے مترادف ہے، جو عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو شدید متاثر کر رہی ہے۔
اماراتی وزیر نے خبردار کیا کہ اگر آبنائے ہرمز بند ہوتی ہے تو اس کے عالمی معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، کیونکہ یہ گزرگاہ تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم ہے۔
سلطان احمد الجابر نے کہا کہ ایران کے خلاف اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے پلیٹ فارم سے کارروائی کی جانی چاہیے تاکہ خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ سلطان احمد الجابر ابوظبی کی قومی آئل کمپنی ادنوک کے سربراہ بھی ہیں اور توانائی کے شعبے میں ایک اہم عالمی شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔