چین میں 55 سالہ ارب پتی خاتون کی 25 سالہ ماڈل سے ہونے والی شادی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی۔
چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یو وین ہونگ نامی امیر خاتون نے اپنی کمپنی کے لیے کام کرنے والے 25 سالہ ماڈل سے شادی کر لی اور اسے 2 ارب روپے سے زائد کے اثاثے بھی تحفے میں دیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معمولی خاندان سے تعلق رکھنے والی یو وین ہونگ نے اپنے والد کی موت کے بعد 18 سال کی عمر میں بیوٹی انڈسٹری میں کام کرنا شروع کیا، سخت محنت اور عزم کے ساتھ اپنا بیوٹی سیلون قائم کیا، پھر 2004ء میں ہانگ کانگ سے باقاعدہ کاروباری دنیا میں قدم رکھا اور ایک کامیاب کاروباری شخصیت کے طور پر اُبھر کر سامنے آئیں۔
رپورٹ کے مطابق یو وین ہونگ 45 سال کی عمر میں بھی ایک 25 سالہ ماڈل کے ساتھ تعلقات میں رہ چکی ہیں اور اب 55 سال کی عمر میں اُنہوں نے اپنی کمپنی کے لیے بطور ماڈل کام کرنے والے رین رین نامی ایک 25 سالہ شخص سے شادی کر لی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس جوڑی کی ملاقات 2025ء میں ہوئی اور کم ہی عرصے میں ان کا رشتہ مضبوط ہو گیا، خاتون رین رین کو اکثر مہنگے تحائف اور رقم بھیجتی تھیں، مہنگے تحائف میں مرسڈیز جیسی لگژری گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یو وین ہونگ نے مارچ 2025ء میں رین رین سے شادی کی، شادی کے بعد اُنہوں نے اپنے شوہر کو 50 ملین یوآن مالیت کے اثاثے تحفے میں دیے، جن میں نقدی رقم، جائیداد اور لگژری گاڑیاں شامل ہیں۔