پاکستانی معروف اداکارہ ریما خان کا کہنا ہے کہ خاموشی سب سے بڑا جواب ہوتا ہے، یہ اس وقت بولتی ہے جب الفاظ ناکام ہو جائیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر امریکا میں مقیم اداکارہ نے اہم اور معنی خیز پیغام شیئر کیا ہے تاہم انہوں نے اپنے پیغام میں کسی کا نام نہیں لیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کردہ ویڈیو میں ریما خان نے کہا کہ زندگی نے مجھے کئی اسباق دیے، مگر ایک سبق جسے میں نے دل سے سمجھا اور سنجیدگی سے لیا وہ یہ ہے کہ ہر جھگڑا لڑنے کے قابل نہیں ہوتا، ہر بحث آپ کی عزت میں اضافہ نہیں کرتی اور ہر شخص توجہ کے قابل نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ زندگی سے سیکھیں کہ کب خاموش رہنا ہے اور کب بولنا ہے، کچھ فیصلے وقت پر چھوڑ دیں، اپنی توانائی غلط لوگوں پر ضائع نہ کریں، کیونکہ بعض اوقات خاموشی سب سے طاقتور جواب ہوتی ہے۔
ریما نے کیپشن میں لکھا ہے کہ خاموشی خالی نہیں، یہ طاقت اور حکمت سے بھرپور ہوتی ہے، کبھی کبھار سب سے طاقت ور جواب بالکل خاموش ہونا، جواب نہ دینا ہے، خاموشی میں آپ اپنے سکون کا تحفظ کرتے ہیں، گہرائی سے مشاہدہ کرتے ہیں اور شور سے بلند ہو جاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ خاموشی طاقت ہے، یہ اس وقت بولتی ہے جب الفاظ یا شور ناکام ہو جائیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ ریما خان کی یہ ویڈیو ریشم کی طرف اشارہ کرتی ہے، جبکہ دیگر نے کہا کہ یہ واقعی قیمتی نصیحت ہے جو بہت سے لوگوں کے لیے ضروری تھی۔
اداکارہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اسے اداکارہ ریشم اور دیدار کے جھگڑے سے منسلک کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ یہ پیغام بالواسطہ طور پر ریشم کے لیے ہے، جو ان دنوں دیدار کے غیر مہذب رویے کا جواب دے رہی ہیں۔