چین کے صوبہ ہونان کے شہر چانگشا میں پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی، جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شرکت کی۔
پہلی مفاہمتی یادداشت محکمۂ بلدیات سندھ اور لوشیئن انوائرمنٹل ٹیکنالوجی گروپ کے درمیان طے ہوئی، جس کے تحت کراچی شہر کو پانی فراہمی کے لیے سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے منصوبے پر تعاون کیا جائے گا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن اور لوشین انوائرمنٹل ٹیکنالوجی گروپ کی پارٹی برانچ کے سیکریٹری یوہوئی نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
دوسرا سمجھوتہ محکمۂ بلدیات سندھ اور لانگ پن ہائی ٹیک انفارمیشن کمپنی کے درمیان زرعی ٹیکنالوجی میں تعاون کے لیے طے پایا، جبکہ تیسری مفاہمتی یادداشت چائے کے شعبے سے متعلق ہے۔
ایم او یو مسکے اینڈ فیمٹی ٹریڈنگ کمپنی، ہونان ٹی گروپ اور جیالونگ انٹرنیشنل ٹیکنالوجی کے درمیان طے پایا، پاکستان کی جانب سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
چیئرمین ہونان ٹی گروپ ژو چونگ وانگ، ہینان جیالونگ انٹرنیشنل ٹریڈ ٹیکنالوجی کے چیئرمین ہاؤ جیاؤلونگ نے بھی دستخط کیے۔
اعلامیے کے مطابق سمجھوتے کا مقصد صنعت کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے، جس سے چائےکی صنعت کی ترقی میں معاونت اور اقتصادی، تجارتی و عوامی روابط کو مضبوط بنایا جائے گا۔