ایران جنگ بندی کوششوں سے متعلق امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی قیادت میں علاقائی ممالک کی کوششوں کا حالیہ دور اختتام کو پہنچ گیا۔
امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ ایران اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملنے کے لیے تیار نہیں، ایران کا کہنا ہے کہ امریکا کے مطالبات قابل قبول نہیں۔
اخبار نے دعویٰ کیا کہ ایران نے جنگ بندی ثالثوں کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا۔
دوسری جانب ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ایران نے 48 گھنٹے کی جنگ بندی کی امریکی تجویز مسترد کر دی۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ جنگ بندی کی تجویز بدھ کو کسی دوسرے ملک کے ذریعے دی گئی تھی، تاہم اس ملک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے جنگ بندی کی درخواست کی ہے تاہم ایران نے ٹرمپ کے اس بیان کی تردید کی تھی۔
ذرائع کے مطابق ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دے تو وہ جنگ بندی پر غور کر سکتے ہیں۔
ثالثوں کے مطابق سفارتی کوششوں کے ابتدائی مرحلے میں ایران نے واضح کیا تھا کہ وہ جنگ اسی صورت ختم کرے گا جب امریکا ہرجانہ ادا کرے، مشرق وسطیٰ میں اپنے فوجی اڈے ختم کرے اور آئندہ حملے نہ کرنے کی ضمانت دے۔