• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تہران میں زور دار دھماکے، شہریوں میں خوف و ہراس

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ایران کے دارالحکومت تہران کے شمال میں متعدد دھماکوں اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج علی الصبح تہران اور اس کے نواحی علاقوں میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں، جبکہ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ جنگ کے آغاز کے بعد گزشتہ رات سب سے خوفناک تھی۔

تہران کے مغربی علاقوں جنت آباد، پونک، شہران، شہرکِ آزادی، تہران پارس اور اکباتان کے مکینوں کے مطابق مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 24 منٹ سے 2 بج کر 26 منٹ کے درمیان شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جبکہ بعض افراد نے گھروں کے لرزنے کی بھی میڈیا کو اطلاع دی۔

اسی طرح شہر کے جنوبی علاقوں، بشمول ڈسٹرکٹ 19، مہر آباد، شہرکِ راہ‌ آہن، اسلام‌ شہر اور شہرِ رے سے بھی اسی نوعیت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جہاں کچھ رہائشیوں نے بجلی کی بندش اور شدید جھٹکوں کی بھی نشاندہی کی۔

رباط کریم کے علاقے میں تقریباً 2 بج کر 26 منٹ پر 2 سے 3 زور دار دھماکے رپورٹ ہوئے، جبکہ اس سے قبل نیاؤران میں 12 بج کر 16 منٹ اور رباط کریم میں 12 بج کر 33 منٹ پر بھی متعدد دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

ہمسایہ صوبہ البرز کے علاقوں کرج، گل شہر، مہر شہر، جہان شہر، فردیس، گرم درہ اور کردان کے رہائشیوں نے بھی گزشتہ شب سے ہفتے کی صبح تک دھماکوں کی آوازیں سننے کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر لڑاکا طیاروں کی پرواز اور فضائی دفاعی سرگرمیوں کی آوازیں سننے کی میڈیا کو اطلاع دی ہے۔

ان دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والے کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان کی فی الحال اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید