وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کرنے کے موڈ میں ہے، بھارت اپنے لوگوں یا قید پاکستانیوں کی لاشیں پھینک کر دہشت گردی کا ڈرامہ رچانا چاہ رہا ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت 5 گنا بڑا ملک ہے پاکستان نے جو حال کیا تاریخ دان تاریخ لکھے گا، بھارت معیشت اور فوج کے لحاظ سے بھی بڑا ملک ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری ایئر فورس نے بھارت کے اندر گھس کر اسے مارا ہے، اگر اس دفعہ بھارت نے کوئی حرکت کی تو کولکتہ تک جا کر پھینٹی لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایران جنگ مذاکرات کا عمل ایک مرحلے سے گزر رہا ہے، جس پر کمنٹ کرنا مناسب نہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان مذاکرات میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، دعا کریں اللّٰہ تعالیٰ ہمیں کامیابی دے۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ ہم ایک نبی ﷺ کے امتی ہیں، تفرقوں سے اللّٰہ ہمیں نجات دے، پاکستان صلح صفائی کے لیے جو کوششیں کر رہا ہے اس میں اللّٰہ ہمیں کامیاب کرے۔