لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی حکومت نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنرل انیل چوہان کی مدت ملازمت 30مئی 2026 کو ختم ہو رہی ہے۔ ان کی اصل تین سالہ مدت ملازمت ستمبر 2025میں ختم ہونے والی تھی۔ تاہم اس وقت حکومت نے انہیں آٹھ ماہ کی توسیع دے کر ان کی سروس 30مئی 2026تک بڑھا دی تھی۔ وہ مئی 2026 میں 65 سال کے ہوجائیں گے جو سی ڈی ایس کے عہدے پر ریٹائرمنٹ کی عمر ہے۔ بھارتی وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت نے ابھی تک اس عہدے کے لیے کوئی نام فائنل نہیں کیا تاہم امیدواروں میں قومی سلامتی کونسل سیکرٹریٹ کے ملٹری ایڈوائزر اور ریٹائرڈ وائس چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجا سبھرمانی سب سے مضبوط تصور کئے جارہے ہیں۔