کابل (اے ایف پی) سرکاری حکام اور افغان ہلالِ احمر (ریڈ کریسنٹ) نے گزشتہ روز بتایا کہ افغانستان میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ ارکان سمیت 12افراد جاں بحق ہو گئے ۔امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس)کے مطابق، 5.8شدت کا یہ زلزلہ جمعہ کی رات مقامی وقت کے مطابق 8بج کر42منٹ پر آیا۔ اس کا مرکز شمال مشرقی صوبے بدخشاں میں 186کلومیٹر (115 میل) کی گہرائی میں تھا۔حکومت کے نائب ترجمان حمد اللہ فطرت نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر بتایا کہ اس زلزلے کے نتیجے میں بدقسمتی سے 12افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کابل، پنجشیر، لوگار، ننگرہار، لغمان اور نورستان کے صوبوں میں 5 گھر مکمل طور پر تباہ جبکہ 33 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔مجموعی طور پر 40 خاندان اس آفت سے متاثر ہوئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، دارالحکومت کابل سمیت ملک کے کئی حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔وزارتِ صحت کے ترجمان شرافت زمان نے بتایا کہ کابل کے علاقے گوسفند درہ میں زلزلے کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ اس گھرانے میں صرف ایک دو سالہ بچہ زندہ بچا ہے، جو کہ افغانستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق زخمی حالت میں ہے۔