پاکستان سپر لیگ 11 میں ملتان سلطانز کے آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ نے بھی ساتھی کھلاڑی پیٹر سڈل کو چاچا کہہ دیا۔
ملتان سلطانز کے اسٹیو اسمتھ نے پیٹر سڈل کو پوسٹ میچ گفتگو میں چاچا کہہ کر مخاطب کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کامیابی کے بعد اسٹیو اسمتھ اور پیٹر سڈل گفتگو کر رہے تھے، گفتگو کے آغاز میں اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ہائے اسٹیو اینڈ چاچا، وہ یہاں چاچا کے نام سے جانے جاتے ہیں۔
چاچا کہنے کے بعد دونوں کرکٹرز خوش گوار موڈ میں مسکراتے رہے، بی بی ایل کے دوران حارث رؤف نے پیٹر سڈل کو چاچا کہنا شروع کیا تھا۔
چند روز قبل پیٹر سڈل نے میڈیا ٹاک میں چاچا کہنے کے سوال پر خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے خود کو غیر ملکی چاچا اور افتخار احمد کو لوکل چاچا کہا تھا۔
اسٹیو اسمتھ اور پیٹر سڈل نے ملتان سلطانز کی ایک اور جیت، پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پر آنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیٹر سڈل نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ٹاس جیتا جو کہ ہمیشہ اچھا رہتا ہے، ٹاس جیت کر پہلی مرتبہ بولنگ بھی اچھی رہی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف یہی تھی کہ کم از کم ٹارگٹ تک محدود رکھیں، بعد میں تھوڑا اوس کا بھی کردار ہوتا ہے، اسٹیو اسمتھ نے ایک بار پھر اچھی اننگز کھیلی، وہ مایوس نہیں کرتے، فرحان کے ساتھ پارٹنر شپ دیکھ کر اچھا لگتا ہے۔
پیٹر سڈل کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہمارا ایک اور میچ باقی ہے، وہ بھی اچھا رہے گا، پھر کراچی اچھی پوزیشن کے ساتھ جائیں گے۔
اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ اسپن بولنگ اچھی رہی، پہلے نواز نے اسپن کیا پھر عرفات نے غیر معمولی بولنگ کی، ہمارے کپتان نے بھی اچھی بولنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ شان مسعود ہر گیم کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں، شاٹس کے لیے ان کے پاس بہت طاقت ہے، شان مسعود شاٹس کے لیے بال کا انتظار کرتے ہیں، اچھا ہدف کا تعاقب ہوا۔
آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا ہے کہ ٹاپ آرڈر میں فرحان کے ساتھ بیٹنگ اچھی جا رہی ہے، فرحان کوالٹی پلیئر ہیں، فرحان اور میرا اچھا کمبی نیشن بن چکا ہے۔
اسٹیو اسمتھ نے یہ بھی کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ ٹیم کا تسلسل اسی طرح جاری رہے گا اور مزید بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے 13 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹ سے شکست دی تھی۔