• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم، جماعت اسلامی کی ناک میں دم کیا ہوا ہے، مرتضیٰ وہاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہےکہ میں اتنا بااختیار ہوں کہ ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کی ناک میں دم کیا ہوا ہے، کچھ عناصر صرف تنقید اور تعصب کی سیاست کرتے ہیں، منافقین کہتے ہیں ہمارے پاس گٹر کے ڈھکن لگانے کے پیسے نہیں، انہوں نےگلشن اقبال ٹاؤن میں 20 کروڑ روپے کی لاگت سے صہبا اختر روڈ کے ترقیاتی منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، رؤف ناگوری ، کے ایم سی افسران اور دیگر موجود تھے، میئر کراچی نے تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صہبا اختر روڈ کی تعمیر و بحالی ایک اہم منصوبہ ہے جس کے تحت نہ صرف سڑک کی تعمیر کی جائے گی بلکہ سیوریج سسٹم کو بھی بہتر بنایا جائے گا، یہ سڑک بائیس سال قبل تعمیر کی گئی تھی ، یونیورسٹی روڈ پر جاری تعمیراتی کام کے باعث اس سڑک پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا تھا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا،ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر صرف تنقید اور تعصب کی سیاست کرتے ہیں جبکہ مسائل کے حل پر توجہ نہیں دیتے، میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس جیسے اہم عوامی مقام کو بھی درست انداز میں استعمال نہیں کیا گیا، وہاں شادیوں کی تقریبات منعقد ہوتی تھیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید