وزیراعظم شہباز شریف نے خیرپور میں منکی پاکس کی وباء کا نوٹس لے کر فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔
خیرپور میں منکی پاکس کی وباء کی وفاقی سطح پر تحقیقات کی جارہی ہیں، قومی ادارہ صحت کے ماہرین کی ٹیم اسلام آباد سے خیرپور کےلیے روانہ ہوگئی۔
قومی ادارہ صحت نے صوبوں کی جانب سے بروقت رپورٹنگ نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور صوبائی حکام سے کیسز کا ڈیٹا فوری طور پر شیئر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبائی سطح پر رپورٹنگ میں تاخیر قومی کوششوں کو متاثر کر سکتی ہے، عالمی ادارہ صحت کو بروقت رپورٹنگ پاکستان کی بین الاقوامی ذمے داری ہے، چھپانا یا تاخیر سے رپورٹ کرنا وباء پھیلنے کا سبب بن سکتا ہے۔
حکام نے منکی پاکس کے نمونے اسلام آباد لیبارٹری بھجوانے کی ہدایت کی جبکہ ڈی جی ہیلتھ نے ایئرپورٹس پر اسکریننگ سخت کرنے اور نگرانی بڑھانے کا کہہ دیا ہے۔
حکام کے مطابق خیرپور میں گزشتہ روز 25 سے 30 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔