وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جنگ بندی سے جڑے سارے عمل میں ایران اور خلیجی ممالک کا پاکستان پر اعتماد رہا۔ تمام فریقین کا مفاد ان کوششوں کا مثبت نتیجہ نکلنے میں ہے۔
جیو نیوز کے پروگرم آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کو اللّٰہ تعالیٰ نے عزت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت میں بین الاقوامی سفارتکاری میں اہم مقام بنایا، کسی موقع پر تمام دروازے بند نہیں کیے گئے تھے۔
وزیردفاع نے مزید کہا کہ تمام فریقین کا مفاد ان کوششوں کا مثبت نتیجہ نکلنے میں ہے، ہماری سفارتی کوششوں سے امریکا کو مسلسل آگاہ کیا جاتا رہا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سارے عمل میں ایران اور خلیجی ممالک کا پاکستان پر اعتماد رہا ہے، موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ پریشان بھارت ہے کہ یہ کیا ہوگیا۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ پیٹرو کیمیکل حب پر ایرانی حملے پر سعودی عرب نے ناراضی کا اظہار کیا، اللّٰہ کا کرم ہے کہ اب سب کا اعتماد ہمیں حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط ہیں، ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، وہاں 2 ملین پاکستانی مقیم ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ یو اے ای میں رائل فیملی سے میرا پرانا تعلق ہے، دبئی کے حکمران ہمیشہ مہربانیاں کرتے رہے ہیں اس میں کوئی شک نہیں۔