• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایم ڈی سی کا میڈیکل طالبہ کی المناک موت پر اظہارِ افسوس

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے محمد میڈیکل کالج میر پور خاص کی تیسری سال کی طالبہ فہمیدہ لغاری کی موت پر گہرے دکھ اور شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایک سرکاری بیان میں صدر پی ایم اینڈ ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا ہے کہ کونسل اس واقعے کے پسِ منظر میں سامنے آنے والے حالات، خصوصاً ہراسانی کے سنگین الزامات کی شدید مذمت کرتی ہے اور ایسے افسوسناک حالات میں ایک نوجوان طالبہ کا ضیاع انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے گورنمنٹ آ ف سندھ کی جانب سے شروع کی گئی انکوائری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات ہر پہلو سے مکمل اور شفاف ہونی چاہئیں اور ان کی تفصیلات مزید کارروائی کے لیے پی ایم ڈی سی کو فراہم کی جائیں۔

ہراسانی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی کو دہراتے ہوئے پی ایم اینڈ ڈی سی نے واضح کیا کہ گزشتہ سال ہی تمام میڈیکل و ڈینٹل کالجز کو سختی سے ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ہر ادارے میں فعال اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیاں قائم کریں تاکہ شکایات کا بروقت ازالہ ہو سکے اور طلبہ و طالبات کی ذہنی صحت اور تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

پی ایم اینڈ ڈی سی نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر طلبہ کو بار بار ہدایات بھی دی جا جاتی رہی ہیں کہ اگر ان کی شکایات ادارہ جاتی سطح پر حل نہ ہوں تو وہ براہِ راست پی ایم اینڈ ڈی سی ہراسمنٹ کمیٹی سے رجوع کر سکتے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ ان ہدایات پر عمل درآمد میں کسی قسم کی ناکامی یا محفوظ تعلیمی ماحول کی عدم فراہمی پی ایم اینڈ ڈی سی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی تصور ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل و ڈینٹل اداروں میں ہراسمنٹ کمیٹیوں کا قیام محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ طلبہ کے تحفظ کے لیے ایک اہم اور بنیادی حفاظتی اقدام ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی غفلت پر سخت ریگولیٹری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ پی ایم اینڈ ڈی سی نے اس معاملے سے متعلق مکمل ریکارڈ اور معلومات طلب کر لی ہیں، جن میں واقعے کے حالات، ادارے اور حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی کی تفصیلی رپورٹ اور ادارے کی جانب سے اٹھائے گئے اصلاحی اقدامات شامل ہیں۔

رپورٹ موصول ہونے کے بعد معاملہ ذمے دار افراد کے خلاف کارروائی کے لیے پی ایم اینڈ ڈی سی کی ڈسپلنری کمیٹی میں سنا جاۓ گا۔

پی ایم اینڈ ڈی سی نے مرحومہ کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور ملک بھر کے میڈیکل اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اخلاقی اصولوں اور پی ایم اینڈ ڈی سی کی جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ تمام میڈیکل و ڈینٹل ادارے طلبہ کے لیے محفوظ، باعزت اور معاون تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے پابند ہیں، ہراسانی، دھمکی یا کسی بھی قسم کی بدسلوکی اخلاقی اور قانونی تقاضوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کی سلامتی، عزت اور ذہنی صحت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید