• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’انسانیت پر سمجھوتہ ممکن نہیں‘: جنوبی کوریا کے صدر نے اسرائیلی جارحیت کی ویڈیو شیئر کر دی

— تصویر غیر ملکی میڈیا
— تصویر غیر ملکی میڈیا

جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے اسرائیلی جارحیت پر مبنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت پر سمجھوتہ ممکن نہیں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جنوبی کوریا کے صدر نے ویڈیو شیئر کرنے کے بعد کہا ہے کہ ہر حال میں بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام یقینی بنایا جانا چاہیے اور انسانیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں صدر لی جے میونگ نے ایک ویڈیو کا حوالہ دیا، جس میں اسرائیلی فوجیوں کو ایک فلسطینی بچے کے ساتھ بدسلوکی کرتے اور اسے عمارت کی چھت سے نیچے پھینکتے دیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو کی صداقت کی تصدیق اور اس حوالے سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینا ضروری ہے اور ان الزامات کی نوعیت نہایت سنگین ہے۔

صدر لی جے میونگ نے کہا کہ جنگ کے دوران قتل و غارت ایسے ہی سنگین جرائم ہیں جیسے وہ معاملات جن پر ہم اعتراض کرتے ہیں، مثلاً جبری طور پر ’کمفرٹ ویمن‘ بنائے جانے کا مسئلہ یا یہودیوں کا قتلِ عام۔

یہاں یہ واضح رہے کہ کمفرٹ ویمن کا معاملہ جاپانی قبضے کے دور سے متعلق ہے، جب کورین خواتین کو جبری طور پر استحصال کا نشانہ بنایا گیا تھا۔


ویڈیو ایک صارف کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

صدر لی جے میونگ نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعہ ستمبر 2024ء میں پیش آیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس نے اس واقعے کو تشویشناک قرار دیا، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا چکی ہیں اور اس پر اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید