• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی لبنان میں فضائی حملہ، 1 ہی خاندان کے 4 افراد شہید

---تصویر بشکریہ رائٹرز
---تصویر بشکریہ رائٹرز

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 1 ہی خاندان کے 4 افراد شہید جبکہ ایک کمسن بچی شدید زخمی ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شہر صور کے قریب واقع گاؤں صریفہ میں ہونے والے حملے میں 7 سالہ بچی ایلین سعید شدید زخمی ہو گئی، حملے میں اس کی نومولود بہن سمیت خاندان کے دیگر افراد شہید ہو گئے۔

ایلین کے دادا ناصر سعید نے واقعے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنازے میں شرکت کے بعد گھر واپس آ رہے تھے کہ اچانک شدید دھماکوں نے سب کچھ تباہ کر دیا، ایسا لگا جیسے طوفان ہم پر ٹوٹ پڑا ہو۔

رپورٹ کے مطابق یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا اعلان ہوا تھا، جس سے لبنان میں بھی امن کی امید کی جا رہی تھی، تاہم اس کے برعکس اسرائیلی حملے جاری رہے اور مختلف علاقوں میں 350 سے زائد افراد جان سے گئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں غم اور تباہی کی فضا برقرار ہے جبکہ اسپتال زخمیوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔

طبی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اسپتالوں پر حد سے زیادہ دباؤ ہے، ایک ہی وقت میں بڑی تعداد میں زخمیوں کی آمد نے صورتِ حال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

جبلِ عامل اسپتال کے ڈاکٹر عباس عطیہ کے مطابق حالیہ بمباری گزشتہ برسوں کی شدید ترین کارروائیوں میں سے ایک ہے، جس میں بڑی تعداد میں بچے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ لبنان میں حالیہ کشیدگی کا آغاز 2 مارچ کو اس وقت ہوا جب حزب اللّٰہ نے اسرائیلی مقامات پر حملے کیے، جس کے بعد اسرائیل نے فضائی اور زمینی کارروائیاں تیز کر دیں، جن میں اب تک ہزاروں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید