بالی ووڈ اداکار ورون دھون ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آگئے، اس مرتبہ ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ اپنی فلموں کےلیے جعلی ریویوز کرواتے ہیں۔
حال ہی میں ان کی آنے والی فلم ’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘ کا پہلا لُک جاری کیا گیا، جس کے بعد انسٹاگرام انفلوئنسر سمرن بھٹ نے اداکار پر فلم کی جھوٹی تعریفیں کروانے کا الزام عائد کیا۔
سمرن بھٹ نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دہلی کے راجیو چوک میٹرو اسٹیشن پر کچھ افراد نے انہیں روک کر ورون دھون کی فلم کے حق میں ریویو دینے کو کہا۔
سمرن کے مطابق، ’ان لوگوں نے مجھ سے کہا کہ وہ مجھے بتائیں گے کہ کیمرے کے سامنے کیا بولنا ہے۔ جب میں نے اعتراض کیا کہ بغیر فلم دیکھے ریویو کیسے دے سکتی ہوں؟ تو انہوں نے زبردستی ویڈیو دکھانے کی کوشش کی اور پھر بدتمیزی سے وہاں سے جانے کو کہا۔‘
سمرن نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ کیا ورون دھون کے اتنے برے دن آگئے ہیں کہ انہیں اب جعلی ریویوز کا سہارا لینا پڑ رہا ہے؟
ورون دھون کا ردِعمل
اداکار ورون دھون بھی معاملے پر خاموش نہ رہے اور سمرن کی ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا، ’امید ہے کہ اس ویڈیو سے آپ کو وہ ویوز مل جائیں گے جو آپ چاہتی ہیں۔‘
سمرن نے جوابی وار کرتے ہوئے ورون سے پوچھا کہ انہوں نے اپنا پہلا کمنٹ کیوں ڈیلیٹ کیا؟ جس میں انہوں نے سمرن پر ویوز کے لیے ڈرامہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔