بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے حالیہ انٹرویو میں اپنی زندگی کا ایک چونکا دینے والا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچپن میں ویشنو دیوی یاترا کے دوران وہ شدید بیمار ہو کر بے ہوش ہو گئے تھے اور صورتِ حال انتہائی خطرناک ہو گئی تھی۔
اکشے کمار کے مطابق میری پیدائش والدین کی ویشنو دیوی کے مندر پر کی گئی دعاؤں کا نتیجہ تھی، والدین نے اولاد کے لیے دعا کی تھی اور ایک سال بعد میں پیدا ہو گیا۔
اداکار نے بتایا کہ اپنی پہلی سالگرہ کے بعد والدین مجھے شکرانے کے طور پر ویشنو دیوی کے مندر لے گئے، تاہم راستے میں میری طبیعت اچانک خراب ہو گئی، مجھے تیز بخار ہوا جو 103 سے 104 ڈگری تک پہنچ گیا اور میں بے ہوش ہو گیا، ڈاکٹر نے والدین کو مشورہ دیا کہ مجھے دہلی لے جایا جائے کیونکہ 1969ء میں وہاں علاقے میں مناسب طبی سہولتیں موجود نہیں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اس نازک صورتِ حال کے باوجود میری والدہ نے ہمت نہیں ہاری اور یقین کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ماتا رانی نے بیٹا دیا ہے تو وہ واپس بھی لے سکتی ہیں، لیکن میں یاترا ادھوری چھوڑ کر واپس نہیں جاؤں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ والدین مجھے گود میں اٹھائے مندر تک پہنچے، جہاں انہوں نے مجھے نہلایا، دعا کی اور اشکبار آنکھوں سے عبادت کی۔
اکشے کمار کے مطابق اسی دوران ایک اجنبی نے میرے والد سے کہا کہ آپ کے بیٹے کی مسکراہٹ بہت خوبصورت ہے، جس پر جب انہوں نے دیکھا تو میں واقعی مسکرا رہا تھا اور میرا بخار بھی معمول پر آ چکا تھا، میں مکمل طور پر صحتیاب ہو گیا تھا اور یہ ایک روحانی تجربہ تھا۔
دوسری جانب اکشے کمار اپنی آنے والی فلم بھوت بنگلہ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو اب 17 اپریل 2026ء کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔