• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈمان: سمندر میں کشتی ڈوبنے سے سیکڑوں روہنگین مہاجر لاپتہ

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

اقوامِ متحدہ کے ادارۂ برائے مہاجرین اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے انکشاف کیا ہے کہ انڈمان کے قریب سمندر میں ایک کشتی ڈوبنے کے بعد خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 250 افراد لاپتہ ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ کشتی بنگلا دیش کے علاقے ٹیکناف سے روانہ ہوئی تھی اور ملائیشیا جا رہی تھی، کشتی تیز ہواؤں، خراب سمندری حالات اور حد سے زیادہ افراد سوار ہونے کے باعث ڈوب گئی۔

اقوامِ متحدہ کے اداروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ روہنگین مہاجرین کی طویل مشکلات اور مستقل حل کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ 

یاد رہے کہ 2017ء میں میانمار میں فوجی کارروائیوں کے بعد 730000 سے زائد روہنگین افراد بنگلا دیش ہجرت کر گئے تھے۔

بنگلا دیش کوسٹ گارڈ کے مطابق 9 اپریل کو ایک جہاز نے سمندر میں تیرتے ہوئے 9 افراد کو بچایا تھا جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

حکام کے مطابق ان میں سے 6 افراد انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے شبے میں حراست میں لے لیے گئے ہیں جبکہ ایک زندہ بچ جانے والے شخص رفیق الاسلام نے بتایا کہ اسے ملازمت کا جھانسہ دے کر کشتی میں سوار کیا گیا تھا، اس کے مطابق کئی افراد سفر کے دوران دم گھٹنے اور بھیڑ کی وجہ سے ہلاک ہو گئے، وہ تقریباً 36 گھنٹے تک سمندر میں تیرتے رہے۔

واضح رہے کہ ہر سال ہزاروں روہنگین بہتر زندگی کی تلاش میں خطرناک سمندری سفر اختیار کرتے ہیں جن میں سے کئی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید