• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تویشا شرما پراسرار موت کیس: سی بی آئی 80 کلو ڈمی کیساتھ جائے وقوع پر منظر دوبارہ تخلیق کریگی

—کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا
—کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارت میں تویشا شرما کی پراسرار موت کے کیس میں تحقیقات تیز کرتے ہوئے مرکزی تفتیشی بیورو سی بی آئی نے سمرتھ سنگھ (خاتون کے شوہر) اور گری بالا سنگھ (خاتون کی ساس) کو دوبارہ ان کے گھر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں تویشا شرما مردہ حالت میں لٹکی ہوئی پائی گئی تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تفتیشی ٹیم 80 کلو وزنی ڈمی کی مدد سے اس بات کا جائزہ لے گی کہ سمرتھ سنگھ نے تویشا کی لاش کو پھندے سے کیسے نیچے اتارا، سمرتھ کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے لاش کو نیچے اتارا تھا جبکہ ان کی والدہ گری بالا سنگھ نے گردن سے بندھی گرہ کھولی تھی۔

تحقیقات کے دوران دونوں ملزمان سے جائے وقوع پر پورا منظر دوبارہ دہرانے کو کہا جائے گا تاکہ ان کے بیانات کی حقیقت اور واقع کے شواہد سے مطابقت کا جائزہ لیا جا سکے۔

واضح رہے کہ تویشا شرما 12 مئی کی رات بھوپال میں واقع اپنے سسرال میں پھندے سے لٹکی ہوئی ملی تھیں۔

تفتیشی ٹیم اس بیلٹ کی مضبوطی بھی جانچے گی جسے مبینہ طور پر خودکشی کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گری بالا سنگھ کو حال ہی میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ عدالت نے انہیں اور سمرتھ سنگھ کو 2 جون تک مرکزی تفتیشی بیورو کی تحویل میں بھیج دیا ہے، ادارہ دونوں سے الگ الگ اور آمنے سامنے بٹھا کر بھی پوچھ گچھ کرے گا۔

تویشا شرما کے اہلِ خانہ نے شوہر اور سسرال کے متعدد افراد پر جہیز کے لیے ہراسانی کے الزامات عائد کیے ہیں جس کے بعد کیس کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید