اطالوی سینیٹ کے صدر اگنازیو لا روسا نے پوپ لیو کے بارے میں وزیرِ اعظم جارجیا میلونی کی جانب سے دیے بیان کی حمایت کر دی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اگنازیو لا روسا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ اطالوی وزیرِ اعظم کبھی بھی سپریم پوپ پر ہونے والے حملوں کو قابلِ قبول سمجھیں گی تو وہ اٹلی اور اس کے وزیرِ اعظم کو نہیں جانتا۔
اُنہوں نے اٹلی اور پوپ کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناقدین اٹلی اور پوپ کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو نہیں جانتے۔
اطالوی سینیٹ کے صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اٹلی کے امریکا کے ساتھ دوستانہ تعلقات جاری رہیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم امریکا کے ساتھ ان تمام معاملات پر دوستی جاری رکھیں گے جن پر ہم متفق ہیں۔
واضح رہے کہ اٹلی کی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی نے پوپ لیو سے متعلق ٹرمپ کے بیان کو ناقابلِ قبول قرار دیا تھا۔
بعد ازاں امریکی صدر نے اٹلی کی وزیرِ اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میرے تبصرے نہیں، جارجیا میلونی خود ناقابلِ قبول ہیں۔