افغان طالبان کی جانب سے باجوڑ میں پاکستانی سول آبادی پر گولہ باری کی گئی ہے جس میں خاتون اور 2 بچوں سمیت ایک ہی گھر کے 3 افراد شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی سول آبادی پر گولہ باری سے 3 افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان نے باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں سول آبادی پر بلا اشتعال جارحیت کی ہے۔
سیکیورٹی نے بتایا کہ افغان طالبان کچھ روز سے فتنہ الخوارج کی ایک تشکیل کو پاکستان میں داخل کروانے کی کوشش کر رہے تھے۔ پاک فوج کی بروقت کارروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس ناکامی سے مایوس افغان طالبان نے آج کٹ کوٹ میں پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ باجوڑ سے ملحقہ تمام افغان طالبان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، افغان طالبان کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔