• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس فنڈ کے 15 کروڑ غبن کے مقدمے میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی طلب

سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی : فائل فوٹو
سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی : فائل فوٹو 

پولیس فنڈ کے 15 کروڑ روپ کے غبن کے مقدمے میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو 9 جولائی کو اینٹی کرپشن عدالت طلب کرلیا گیا۔ 

کراچی کی اینٹی کرپشن عدالت سندھ میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور دیگر پولیس افسران کے خلاف پولیس فنڈز میں مبینہ کرپشن کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ 

تفتیشی افسر نے عدالت میں نیب کے سابق ریفرنس کی ضمنی چارج شیٹ جمع کروا دی، جس کے بعد عدالت نے مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

عدالت نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، ایس ایس پی فیصل بشیر میمن، ایس ایس پی فدا شاہ اور دیگر ملزمان کو 9 جولائی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق آئندہ سماعت کے دوران ملزمان پر ضمنی فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان بھی موجود ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان پر پولیس فنڈز میں 15 کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ کرپشن کا الزام ہے۔ 

یہ مقدمہ ماضی میں قومی احتساب بیورو، نیب، کے دائرہ اختیار میں تھا اور اس حوالے سے ریفرنس بھی نیب میں زیر سماعت رہا۔ تاہم نیب ترمیمی ایکٹ کے نفاذ کے بعد مقدمہ اینٹی کرپشن عدالت منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں اب کیس کی کارروائی جاری ہے۔

 عدالت آئندہ سماعت پر ضمنی چارج شیٹ کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ملزمان کی حاضری اور فردِ جرم سے متعلق قانونی کارروائی آگے بڑھائے گی۔

قومی خبریں سے مزید