• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معتدل مقدار میں کافی پینا ذہنی صحت کیلئے مفید ہے، تحقیق

ایک نئی تحقیق کے مطابق روزانہ دو سے تین کپ کافی پینا ذہنی امراض کے خطرات میں کمی سے منسلک ہے۔ معتدل مقدار میں کافی پینا ذہنی صحت کے لیے مفید ہے۔ 

یہ تحقیق طبی جریدے جرنل آف افیکٹیو ڈس آرڈرز میں شائع ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ روزانہ دو سے تین کپ کافی پینا بالخصوص مردوں میں ذہنی صحت کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔ 

دوسری جانب، روزانہ پانچ یا اس سے زیادہ کپ کافی پینے والوں میں ذہنی امراض کا خطرہ زیادہ پایا گیا۔

محققین نے یوکے بائیو بینک کے 460,000 سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔ اس بڑی تحقیق میں 40 سے 69 سال کی عمر کے افراد شامل تھے تاکہ روزانہ کافی کے استعمال اور مختلف ذہنی امراض کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا جا سکے۔

اس دوران شرکاء سے ان کی روزانہ کافی پینے کی عادات کے بارے میں سوالات کیے گئے، جن میں کافی کی مقدار اور اقسام شامل تھیں، جیسے کہ ڈی کیفینیٹڈ، انسٹنٹ اور گراؤنڈ کافی شامل ہیں۔ ان افراد کو اوسطاً 13.4 سال تک فالو کیا گیا۔

محققین کے مطابق اس وقت خوراک اور غذائیت کے کردار میں بڑھتی ہوئی دلچسپی، ذہنی امراض کی روک تھام اور علاج میں مددگار ہو سکتی ہے۔ تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے ایک ’’J‘‘ کی شکل کا پیٹرن دریافت کیا، یعنی نہ بہت کم اور نہ بہت زیادہ، بلکہ درمیانی مقدار میں کافی پینے والوں کو زیادہ فائدہ ہوا۔

تحقیق میں یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ کافی اور موڈ سے متعلقہ امراض کے درمیان تعلق مردوں میں زیادہ مضبوط تھا۔ 

عالمی ادارہ صحت کے تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد افراد ذہنی صحت کے مسائل کا شکار ہیں۔ ذہنی امراض کی کیفیت جیسے کہ بےچینی اور ڈپریشن، طویل المدتی معذوری کی دوسری بڑی وجہ ہے اور یہ صحت مند زندگی کے لیے نقصان کا سبب بنتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق ذہنی امراض کے بڑھتے ہوئے بحران پر قابو پانے کے لیے احتیاطی حکمت عملیوں کی ضرورت ہے۔ کافی میں ایک ہزار سے زائد بائیو ایکٹو اجزاء پائے جاتے ہیں، جن میں کیفین، پولی فینولز، میلانائیڈنز اور ڈائی ٹرپینز شامل ہیں۔ کیفین اور کلوروجینک ایسڈ جیسے اجزاء کی سوزش کم کرنے والی خصوصیات ذہنی صحت کے خطرے کو کم کرنے میں کردار ادا کر سکتی ہیں۔

محققین کے مطابق اے 1 آر کی فعالیت ایسے طریقہ کار میں شامل ہے جو اینٹی ڈپریسنٹ اثرات سے وابستہ ہیں، جبکہ اے 2  اے آر کی روک تھام، تناؤ (اسٹریس) کی وجہ سے پیدا ہونے والی عصبی خرابیوں کا مقابلہ کرتی ہے۔ کیفین کی اینٹی سوزش خصوصیات کو پہلے بھی مختلف تحقیق میں ڈیمنشیا کے خطرے اور ذہنی صحت کی تنزلی کو سست کرنے سے منسلک کیا گیا ہے۔

صحت سے مزید